لاہور (آصف محمود بٹ)بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے پہلےتربیتی بیچ کےشرکا ءکا سول سروسز اکیڈمی کا دورہ۔فعال کردار ادا کرنے کی دعوت، صوبائی و وفاقی سول سروس اکیڈمیوں کے مابین مستقل شراکت داری قومی استحکام کیلئے ناگزیر قرار۔ بلوچستان اور وفاق کی سول سروسز کا ملکر فیڈریشن کو مضبوط بنانے کا عزم ،بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے پہلے تربیتی بیج کے شرکاء کا سی ایس اے اکیڈمی لاہور کا دورہ،ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ نے کہا ہے کہ صوبائی سول سروسز اکیڈمی کے پہلے تربیتی بیچ کا صوبے میں ادارہ جاتی تعمیر و ترقی میں کردار تاریخی پیش رفت ہے۔ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی (بی سی ایس اے) کے پہلے تربیتی بیچ کے شرکا، جو ان دنوں لاہور کے ایک ہفتے پر مشتمل تعارفی اور مطالعاتی دورے پر ہیں، نے ہفتہ کے روز پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) میں ایک جامع علمی و تعاملی نشست میں شرکت کی۔ وفد میں بلوچستان صوبائی سروس کے نو تعینات افسران کے علاوہ بی سی ایس اے کے اساتذہ بھی شامل تھے۔ وفد نے سی ایس اے کے والٹن روڈ کیمپس میں ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ سے ملاقات کی، جس کا مقصد وفاقی تربیتی نظام سے آگاہی، پیشہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ اور صوبائی و وفاقی سول سروس ڈھانچوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا تھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ نے بلوچستان صوبائی سول سروسز اکیڈمی کے قیام اور اس کے پہلے تربیتی بیچ کو صوبے میں ادارہ جاتی تعمیر و ترقی کی ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط وفاق کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی اور پاکستان سول سروسز اکیڈمی کے درمیان قریبی، مسلسل اور منظم ادارہ جاتی شراکت داری قائم کی جائے۔ مشترکہ تربیتی پروگرامز، فیکلٹی کے تبادلے، تحقیقی منصوبوں میں اشتراک اور تربیت حاصل کرنے والے افسران کے مابین باقاعدہ تعامل سے نہ صرف پیشہ ورانہ معیارات میں یکسانیت پیدا ہوگی بلکہ باہمی سیکھنے کا عمل بھی فروغ پائے گا جو پورے ملک میں ایک مشترکہ اور مربوط سول سروس کلچر کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔