کراچی(اسٹاف رپوٹر) سپلا کی ریلی سندھ سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے و احتجاجی جلسے میں تبدیل، اب 12 فروری کو سندھ بھر کے کالج اساتذہ بلاول ہاؤس کی جانب رخ کریں گے،صدر سپلا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام احتجاجی تحریک کے سلسلے میں گورنمنٹ ایس ایم ارٹس اینڈ کامرس کالج سے ایک ریلی نکالی گئی جو کہ سندھ سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے اور احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ ریلی کی قیادت سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس، مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر غلام مصطفیٰ کاکا کراچی ریجن کے قائم مقام صدرپروفیسر آصف منیر، جنرل سیکرٹری کراچی ریجن پروفیسر نہال اختر نے کی۔ ریلی میں کراچی بھر کے کالج اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ان کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کالجز، طلبہ اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے سپلا کی احتجاجی تحریک کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ ایک ماہ سے سندھ کے کالج اساتذہ احتجاج کر رہے ہیں مگر افسوس تا حال وزیر تعلیم نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا جس سے ان کی کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں عدم دلچسپی واضح طور پر عیاں ہوتی ہے۔