• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ جیل کی بات نہ کرنا دانشمندی، وزیراعظم کیساتھ ملاقات، سہیل آفریدی نے اچھے بچے کا کردار ادا کیا، عباد اللّٰہ

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کی وزیر اعظم سے ملاقات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں کسی قسم کی سیاسی بات نہ کرنا ایک مثبت طرزِعمل ہے اور وزیر اعلیٰ نے ایک اچھے بچے کا کردار ادا کیا ہے۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عباد کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ یہ کہتے آئے ہیں کہ آمنے سامنے بیٹھ کر مسائل حل کرنے کا یہی واحد مؤثر فورم ہوتا ہے، صوبہ کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ کو وزیر اعظم کے پاس جا کر بیٹھنا چاہیئے تاکہ عوامی مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے اڈیالہ جیل اور اسٹریٹ موومنٹ جیسے معاملات پر بات نہ کر کے دانشمندی کا مظاہرہ کیا، اگر وزیر اعلیٰ اسی طرح سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو صوبے کے مسائل حل ہو سکتے ہیں،اپوزیشن لیڈر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی ایک ضلع، کبھی دوسرے ضلع، کبھی ایک چوک اور کبھی دوسرے چوک میں چار افراد کے ٹولے کے ساتھ گاڑی پر چڑھنے سے نہ مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی کوئی مثبت نتیجہ نکلے گا،ڈاکٹر عباد کا کہنا تھا کہ عوام میں جانا مینڈیٹ حاصل کرنے کے لیے ہوتا ہے، اور جب مینڈیٹ پہلے ہی موجود ہے تو سڑکوں پر نکلنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت موبلائزیشن کی نہیں بلکہ مؤثر ڈیلیوری کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

پشاور سے مزید