اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار)28 ویں ابتدائی کمانڈ کورس کے 52ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس نے بدھ کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز مسرور عالم کولاچی نے اے ایس پیز کو ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی، کردار اور تنظیمی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی۔زیرِ تربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ پولیس سروس ایک باوقار اور نہایت اہم شعبہ ہے کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔موٹروے پولیس کی کارکردگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، آپ خوش نصیب ہیں کہ آپ نے پولیس سروس کو بطور پیشہ منتخب کیا ہے، لہٰذا آپ پر لازم ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے ہر حال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔