• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری نرخ ناموں کی تشہیر کیلئے بڑی اسکرینز کی تنصیب کا فیصلہ

پشاور( لیڈی رپورٹر )رمضان المبارک کے دوران سبزی و فروٹ منڈیوں سمیت تمام بازاروں میں سرکاری نرخ ناموں کی تشہیر کے لیے بڑے ڈیجیٹل اسکرینز نصب کیے جائیں گے، جن پر سبزی، فروٹ، گوشت، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے ساتھ شکایات سیل اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے موبائل نمبرز بھی درج ہوں گے تاکہ عوام براہ راست شکایات درج کرا سکیں۔یہ فیصلہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت رمضان المبارک میں گرانفروشی کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس ان کیا گیا۔ اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچ اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے شرکت کی۔کمشنر پشاور ڈویژن نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے دفاتر میں خصوصی کنٹرول رومز اور شکایات سیل قائم کریں جبکہ بازاروں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ فوڈ کے افسران پر مشتمل خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ شہری موقع پر ہی گرانفروشی کی شکایت درج کرا سکیں گے اور شکایت کنندہ کی موجودگی میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک سے قبل اسسٹنٹ کمشنرز اور فوڈ حکام بازاروں کے اچانک دورے کریں گے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ضبط شدہ اشیائے خورونوش کو سرکاری نرخوں پر نیلام کیا جائے گا۔کمشنر ریاض خان محسودنے واضح ہدایات جاری کیں کہ رمضان المبارک کے دوران چھاپہ مار ٹیمیں روزانہ پانچ اوقات, سحری و افطاری سے قبل، صبح، دوپہر اور سہ پہر، بازاروں میں موجود رہیں گی اور گرانفروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، دکانیں سیل کی جائیں گی اور کسی بھی گرانفروش کو عید سے قبل رہا نہ کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز صبح سویرے منڈیوں میں موجود رہ کر سرکاری نرخ نامے ترتیب دیں۔ کریانہ، گوشت، دودھ اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کیا جائے گا جبکہ پرائس ریویو کمیٹیوں کے اجلاس رواں ہفتے منعقد کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
پشاور سے مزید