• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کا پری اور دورانِ رمضان انسدادِ ملاوٹ لائحہ عمل تیار

پشاور(جنگ نیوز)ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے رمضان المبارک سے متعلق ہدایت نامے کے تحت خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک سے قبل اور دورانِ رمضان غیر معیاری، مضرِ صحت اور ملاوٹ شدہ خوراک کے خلاف خصوصی مہمات کے لیے جامع لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام فیلڈ انسپکشن ٹیمیں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں اور شہریوں کو ہر صورت محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کے تحت سزا و جزا کے نظام پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیلڈ ٹیموں کے ساتھ منعقدہ آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالرحمٰن، ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف، ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ، ڈائریکٹر فنانس ظاہر محمود سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنوری کی کارکردگی اور رمضان المبارک کی خصوصی مہمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ لائحہ عمل کے تحت دودھ، گوشت، بیکری آئٹمز، مشروبات، مصالحہ جات، ائل اینڈ گھی اور رمضان المبارک میں زیادہ استعمال ہونے والی دیگر خوردونوش اشیاء کی خصوصی انسپکشن کی جائے گی تاکہ بازاروں میں عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کاشف اقبال نے کا مزید کہنا تھا کہ کل سے ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ کیخلاف تین روزہ خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا جس کے تحت صوبے کے تمام بڑے شہرروں کو داخلی راستوں پر دودھ کی باقاعدہ چیکنگ جاری ہے۔انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں سے غیر معیاری اور ملاوٹ مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، جبکہ غفلت یا لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پشاور سے مزید