پشاور (خصوصی نامہ نگار) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں منعقدہ تقریب میں صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے نمائندوں کو آن سکرین مارکنگ سافٹ ویئر باضابطہ طور پر حوالہ کیا گیا۔حکومتِ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کی روشنی میں، مینوئل مارکنگ کے بتدریج خاتمے، پرچہ جات کی حفاظت، ڈیجیٹل ایوالو ایشن میں شفافیت اور انسانی غلطیوں کے مکمل خاتمے کے لئے یہ سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے۔ اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے پشاور بورڈ کی آئی ٹی ٹیم نے صرف 60 دنوں میں ایک جدید، محفوظ اور جامع آن اسکرین مارکنگ سافٹ ویئر تیار کیا۔تقریب میں بتایا گیا کہ حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے ای شیٹ آنسر شیٹ کی تیاری کا ٹاسک بھی پشاور بورڈ کو دیا گیا تھا، جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ صوبے کے تمام بورڈز کو نہ صرف ای-شیٹ اور آن سکرین مارکنگ کی تربیت دی گئی بلکہ لائیو ٹیسٹنگ سیشنز بھی منعقد کئے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام بورڈز کے Server Configuration کا عمل بھی مکمل کیا گیا تاکہ پورے صوبے میں یکساں، شفاف اور محفوظ ڈیجیٹل مارکنگ سسٹم نافذ کیا جاسکے۔پشاور بورڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی تاریخ میں ایک یادگار اور انقلابی سنگ میل ہے اور مقصد امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے شفاف، قابلِ اعتماد اور عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ بورڈ نے یقین دلایا کہ وہ تمام تعلیمی بورڈز اور اداروں کو تیکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے تاکہ طلباء کے مستقبل کو تابناک اور روشن بنایا جا سکے۔