• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ازبکستان سے 29 معاہدے، تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک لے جانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کا ایکشن پلان بنانے پر اتفاق

اسلام آباد( نیوز ر پورٹر)پاکستان اور ازبکستان کا دوطرفہ تجارتی حجم پانچ سال میں دو ارب ڈالر تک بڑھانے پراتفاق ‘مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ ‘تجارت‘آئی ٹی ‘ زراعت ‘غذائی تحفظ ‘کان کنی‘عوامی رابطے ‘ دفاعی تعاون‘ماحولیاتی تبدیلی ‘ کھیل و ثقافت‘ ادویہ سازی ‘ انسداد منشیات اور دیگر شعبوں میں تعاون کے 29 معاہد وں اور ایم او یوز پر دستخط کردیئے ‘ اس میں کراچی ‘ گوادر اور پورٹ قاسم بندرگاہوں پر کارگو کنٹینر کا معاہدہ بھی شامل ہے ‘ازبک صدرشوکت مرزائیوف اور وزیر اعظم شہبازشریف نے مشترکہ اعلامیہ کے علاوہ باہمی تجارتی حجم کو 2ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے دوطرفہ پروٹوکول پر بھی سائن کئے ‘دونوں رہنمائوں کے درمیان انفرادی ملاقات ہوئی اور اس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئےجس کے بعد دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں تاشقند اسٹریٹ اور بابر پارک کی یادگاری تختیوں کی نقاب کشائی کی۔ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پانچ سالہ پلان کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی جبکہ شوکت مرزائیوف نے کہا کہ عالمی اور علاقائی امور پر مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں‘علاوہ ازیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی ازبک صدرسے ملاقات کی جبکہ شوکت مرزائیوف اور شہبازشریف نے پاک ازبک دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبہ کو وسطی ایشیا اور پاکستانی سمندری بندرگاہوں کے درمیان علاقائی روابط کا ایک اہم محرک قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ازبکستان نے دو طرفہ تجارت کا حجم پانچ سال میں دو ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کا پروٹوکول معاشی تعاون کے لیے اہم سنگ میل ہے،پانچ سالہ پلان کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی،علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہیں‘ قریبی روابط کے ذریعے تعاون کو عملی شکل دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے‘پیس بورڈغزہ میں امن کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اہم فورم ہے‘پرامید ہیں کہ غزہ میں امن لوٹے گا اور مسئلہ حل ہوگا، کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل دیر پا امن کیلئے ضروری ہےجبکہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے کہاہے کہ پاکستان ازبکستان کا قریبی دوست اور باعتماد شرکت دار ہے‘عالمی اور علاقائی امور پر مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں، مستقبل میں بھی قریبی روابط یقینی بنائیں گے۔جمعرات کو یہاں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نسٹ اسلام آباد کی طرف سے ازبکستان کے صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری اور پروفیسر شپ دی گئی ہے‘پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہم نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید