کراچی (ٹی وی رپورٹ) معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ اس وقت خیبرپختونخوا کاسب سے بڑا چیلنج امن و امان ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں لاہور سے نمائندگان جیو نیوز دعا عامر، جواد ملک اور ترجمان لیگل ایڈوائزر، کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن ملک فیضان احمد نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں تناؤ کم ہوتا نظر آرہا ہے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا اور اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری ، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی پولیس نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مکمل امن و استحکام کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اعلامیہ میں لکھا گیا ہے کہ اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اپنے تمام تر وسائل بشمول فوج پولیس کو استعمال کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا کو سب سے بڑا چیلنج امن و امان کے حوالے سے ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مدلل انداز میں اپنا وموقف اجلاس میں رکھا۔ اپیکس کمیٹی اجلاس میں تمام تحفظات پر کھل کر بات ہوئی۔ دہشت گردی کے خلاف ہم بھی ہیں طریقہ کار پر ہمارا اختلاف ہے۔