کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ امید ہے دوبارہ پولرائزیشن کی نوبت نہیں آئے گی۔ پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف سینیٹر علی ظفرنے کہا کہ دہشت گردی حساس معاملہ ہے اس لئے ضروری ہے سب ایک صفحے پر ہوں اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھیں۔ سینئر حریت رہنما شمیم شال نے کہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے جس طرح کشمیر کا معاملہ اٹھایا انہیں اپنی قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق پروگرام کے میزبان حامد میر نے ابتدائیہ میں تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم کشمیر منایا گیا اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے آج اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اس میں کور کمانڈر ، آئی جی ، صوبائی کیبنٹ سب تھے اور فیصلہ ہوا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں نعرے لگاتے ہوئے اتنا وقت گزر گیا ہے یقینا صرف نعرے لگانے سے یا ہمدردی دینے سے کچھ نہیں ہوگاکشمیر میں جو نسلی کشی ہو رہی ہے سب سے پہلے تو ہمیں ان کی سکیورٹی مطلوب ہے ہمدردی سے سکیورٹی کے سفر کے لئے یقینا موبالائز کرنا ضروری ہے لیکن یہ سکیورٹی آزادی کا نعم البدل نہیں ہے۔ تاہم بھارت اور اسرائیل نسل کشی کے لئے ایک ہی طریقہ کار اپنا رہے ہیں۔ مصدق ملک نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں کسی بھی کشمیر رہنما کا نام نہ لینے کا کوئی جواز نہیں ہے البتہ نام لینا کافی نہیں ہے، غزہ کی حالیہ صورتحال دیکھتے ہوئے بھی دنیا کو تشویش نہ ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ دنیا کا مزاج اور آرڈر کچھ بدلتا جارہا ہے۔