لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدے پر مارچ میں دستخط کئے جائیں گے۔ نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے 4 سے 5 دنوں میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جائے گا۔ اس بیان کے بعد امریکی صدر ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کرکے بھارتی اشیا پر عائد ٹیرف کو 50 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کردیں گے۔ تاہم بھارت کی جانب سے ٹیرف میں کمی صرف اس وقت ممکن ہوگی جب مارچ میں قانونی معاہدہ پر دستخط ہو جائیں گے کیونکہ بھارت کے ٹیرف موسٹ فیورڈ نیشن فریم ورک کے تحت قانونی بنیاد پر تبدیل کیے جاتے ہیں۔ وزیر تجارت نے بتایا کہ اگلے پانچ سالوں میں بھارت امریکہ سے 500 ارب ڈالر مالیت کی توانائی، طیارے، چپس اور دیگر اشیا خریدے گا، جن میں بوئنگ کے طیاروں کی خریداری 70 سے 80 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔