کراچی (نیوز ڈیسک) ترک اخبار ’’ڈیلی صباح‘‘ کی رپورٹ کے مطابق انقرہ اور ریاض ترکیہ کےپانچویں نسل کےجنگی طیارے ’کان‘ کی تیاری میں مشترکہ سرمایہ کاری پر غور کر سکتے ہیں۔ یہ رپورٹ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی جانب سے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے اور وہاں ہونے والی ملاقاتوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ ترک رہنما اس دورے کے بعد مصر روانہ ہو گئے۔ ایردوان کا کہنا ہے کہ کان محض ایک جنگی طیارہ نہیں ہے۔ یہ ترکیہ کی انجینئرنگ کی صلاحیتوں اور خود مختار دفاعی عزم کی علامت ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران، ان کا ملک (ترکیہ) اپنی مسلح افواج کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے اور ایک وسیع مقامی دفاعی صنعت تعمیر کر رہا ہے۔ مثال کے طور پر، اس نے ڈرونز (بغیر پائلٹ کے طیاروں) کی تیاری میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔