لاہور(کرائم رپورٹرسے) محفوظ بسنت کے پرامن اور قانون کے مطابق انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس نے سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے جامع انتظامات مکمل کر لیے پولیس حکام کے مطابق مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 70 تھرمل ڈرونز، 150 دوربینز، 100 میگا فونز، سرچ لائٹس اور سیڑھیاں فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ ریڈ اور گرین زونز میں تعینات تمام پولیس ٹیموں کو ایک ایک دوربین دی گئی ہے، جس کے ذریعے ڈور پتنگ اور چھتوں پر ہونے والی ہلہ گلہ سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی۔ تین روزہ بسنت کے دوران 10 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تین شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔علاوہ ازیں لاہور پولیس نے مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جبکہ ائیرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں پتنگ بازی ممنوع ہے۔لاہور پولیس کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور بسنت کو ایک محفوظ، خوشگوار اور قانون کے دائرے میں منانا ہے۔