پشاور (جنگ نیو) محکمہ بہبودِ آبادی پشاور کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈائریکٹر جنرل بہبودِ آبادی خیبرپختونخوا عائشہ احسان نے کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر پشاور سمیع اللہ خان خلیل نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان کا ہر فرد ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔