پشاور (اے پی پی)کیپٹل سٹی پشاور پولیس کے مطابق ضلع بھر میں ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش اور ڈالہ کلچرل میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔ پشاور پولیس ترجمان کے مطابق اسی سلسلے میں تھانہ فقیر آباد پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزما ن کو موقع پر گرفتار کرلیا ۔ گرفتار ملزمان میں آصف ولد زدران، شمشیر ولد شاہ نواز اور گلاب سید ولد اکبر سید شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ہوائی فائرنگ میں استعمال اسلحہ بھی برآمد کرلیا ۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ہوائی فائرنگ ایک جان لیوا اور سنگین جرم ہے، ایسی کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔