کراچی ( اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے،حملہ آور انسانیت کے دشمن ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسجد میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت، دین اور قومی ضمیر پر حملہ ہے، فضل الرحمٰن نے کہا کہحملہ آور کسی رعایت کے مستحق نہیں ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بے گناہ نمازیوں کی شہادت انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے،حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا واقعہ دہشت گردی ہے جس کا دین سے کوئی تعلق نہیں،حکومت عوام کے تحفظ میں ناکام ہوگئی، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ واقعہ نفرت فرقہ واریت اور عدم برداشت پھیلانے کی ایک منظم سازش ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مذہب یا نظریہ معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور حکومت ملک بھر میں عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے چیئر مین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر رہنماوں نے کہا ہے کہ نمازیوں کی شہادت پر میں دلی طور پر نہایت غمزدہ اور رنجیدہ ہیں، وفاقی دارالحکومت میں اس نوعیت کی دہشت گردانہ کارروائی نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ میں سنگین ناکامی کا ثبوت ہے۔ بلکہ یہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی بڑا سوالیہ نشان ہے۔