کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھماکہ قابل مذمت ونفرت ہےلیکن روٹین لائف کو معطل نہیں کیا جانا چاہئے۔ سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ بسنت کی پرائیوٹ سطح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی سرکاری سطح پر معطل کر دی گئی ہیں۔سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ پورا میچ ہوتا ہے تو پاکستان فیورٹ ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ پروگرام میں اسلام آباد سے نمائندہ جیو نیوز ارفع فیروز بھی شامل گفتگو رہے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام کے ابتدائیہ میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ آج کے دھماکے کو اسلام آباد کی تاریخ کا دوسرا سنگین حملہ قرار دیا جارہا ہے۔ اب تک اکتیس افراد شہید اور ڈیڑھ سو زخمی ہیں۔ مریم نواز نے اپنی بسنت کی تمام مصروفیات کو کینسل کردیا ہے۔ کل سے ٹی ٹوئنٹی کا آغاز ہونے جارہا ہے اور پاکستان نے کہہ دیا ہے کہ وہ انڈیا کے خلاف نہیں کھیلے گا سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے درخواست کی ہے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ تمام کارروائیاں قابل مذمت ہونے کے ساتھ ساتھ قابل نفرت ہیں۔یہ انتہائی مجرمانہ اور گھٹیا دہشت گردی کی مثال ہے جو اس لئے قائم کی گئی ہے کہ غیر ملکی آقاؤں سے زیادہ فنڈنگ لے سکیں۔ پہلے ایک دن میں تین تین دھماکے بھی ہوئے ہیں اور ہم نے دو ڈھائی سو شہدا کی بھی میتیں اٹھائی ہیں اور اس کے بعد ریاست نے اس پر قابو پایاالبتہ یہ صحیح ہے کہ کچھ چیزیں صحیح مینج نہیں ہوسکیں جس وجہ سے انہوں نے دوبارہ اس طرح کی صورتحال بنائی ہے۔