• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس ہزار وں طلبا داخلے سے محروم رہتے ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی(سید محمد عسکری، اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں میڈیکل کالجز کی نشستیں ناکافی ہیں، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس ہزار وں طلبامیڈیکل کالج میں داخلے سے محروم رہتے ہیں۔ وہ جمعہ کو کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 59ویں جلسہ تقسیم اسناد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، جس میں مختلف شعبوں کے 947 طبی ماہرین کو اسناد تفویض کی گئیں۔ کینیڈا کے رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کی صدر ڈاکٹر مارسیا کلارک اور گلاسگو کے رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ہانی ایٹیبا نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایف سی پی ایس کے سات سو چھیانوے ڈاکٹرز، ایم سی پی ایس کے 151 ڈاکٹرز اور کلُ 947 ڈاکٹرز کو مختلف اسپیشلٹیز میں اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ڈاکٹرز کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ 50 ہزار سے زائد طلبہ MDCAT پاس کرنے کے باوجود میڈیکل کالجز میں داخلے سے محروم رہ جاتے ہیں، کیونکہ ملک میں میڈیکل کالجز کی نشستیں ناکافی ہیں، جس کے بعد اہل طلبہ کا بیرونِ ملک رخ کرنے پر مجبور ہونا ایک بحران کی علامت ہے۔ حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سیٹس بڑھانے پر کام جاری ہے۔ وفاقی وزیرِ صحت نے بتایا کہ قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کی درجہ بندی کم ہونے کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا گیا، جس کے بعد قطر نے پاکستانی ڈاکٹروں کے لئے امتحان کی شرط ختم کرتے ہوئے سابقہ حیثیت بحال کر دی ہے، اب پاکستانی ڈاکٹرز اپنی ڈگری کی بنیاد پر براہِ راست قطر میں خدمات انجام دے سکیں گے۔ قبل ازیں سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے جلسہ تقسیم اسناد کا باقاعدہ آغاز کیا اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اہم خبریں سے مزید