کراچی (نیوز ڈیسک) صدرٹرمپ نے بحر ہند جزائر پر برطانوی معاہدہ قبول کر لیا، امریکی فوج برقراررہے گی،چاغوس جزائر موریطانیہ کو واپس کیے جائیں گے، لیکن ڈیاگو گارسیا میں امریکی برطانوی فوجی اڈہ برقرار رہیگا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسٹارمر نے جزائر پر بہترین معاہدہ کیا ہے ،برطانوی وزیر اعظم اور ٹرمپ قریبی تعاون پر متفق،عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ اور موریطانیہ کے درمیان بحرہند کے چاغوس جزائر کے معاہدے پر اپنی مخالفت ختم کر دی ہے۔ اس معاہدے کے تحت جزائر، جن میں اہم امریکی برطانوی فوجی اڈہ ڈیاگو گارسیا شامل ہے، موریطانیہ کو واپس کیے جائیں گے، لیکن اڈہ 99 سال کے کرایے پر امریکی اور برطانوی افواج کے مشترکہ کنٹرول میں برقرار رہے گا۔ابتدائی طور پر ٹرمپ نے اس معاہدے کی حمایت کی تھی، لیکن بعد میں اپنی رائے بدل دی تھی۔ تاہم برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر کے ساتھ گفتگو کے بعدٹرمپ نے کہا کہ اسٹارمر نے چاغوس جزائر پر بہترین معاہدہ کیا ہے۔