کراچی( سید محمد عسکری) کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (کے ایم یو) کے زیرِ اہتمام “لیگیسی اینڈ ایکسی لینس ریکگنیشن تقریب” منعقد کی گئی، جس کا مقصد کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی) کی علمی خدمات، اس کے بانیوں، اساتذہ اور نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ یہ تقریب یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر کراچی حسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سیکریٹری سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر نعمان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر کے ایم یو کے ایک جامع سرکاری یونیورسٹی کے طور پر سفر اور کے ایم ڈی سی و عباسی شہید اسپتال کو اس کے اہم جز وکے طور پر اجاگر کیا گیا۔ استقبالی خطاب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رفعت فاروق نے کہا کہ کے ایم یو معیاری تعلیم، جدت اور ہر طبقے کے طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے اور کے ایم ڈی سی کی قائم کردہ تعلیمی روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ کے ایم ڈی سی کی بانی رکن پروفیسر ڈاکٹر یاسمین سلیم اور ریٹائرڈ استاد پروفیسر ڈاکٹر سراج الدولہ سید نے ادارے کے ابتدائی دور پر روشنی ڈالتے ہوئے دیانت، نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے کو ادارے کی بنیاد قرار دیا۔ بعد ازاں ریٹائرڈ فیکلٹی ممبران کو ان کی طویل اور قابلِ قدر خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر “کے ایم ڈی سی سے کے ایم یو تک” کے عنوان سے ایک خصوصی ویڈیو پیش کی گئی، جس میں ادارے کے کالج سے یونیورسٹی بننے کے تاریخی سفر اور اس کے وسیع تعلیمی وژن کو اجاگر کیا گیا۔ المنائی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل وسیم نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کے ایم ڈی سی کے فارغ التحصیل طلبہ کی خدمات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وہ طویل عرصے سے ذاتی حیثیت میں مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرتے آ رہے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسن سخرانی نے کے ایم یو کے جدید، عالمی معیار اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی پروگرامز پر اظہارِ خیال کیا۔ مہمانِ خصوصی کمشنر کراچی حسن نقوی نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی قیادت، اساتذہ اور المنائی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے ایم ڈی سی اور کے ایم یو کے فارغ التحصیل طلبہ دنیا کے معتبر اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو اس ادارے کی مضبوط تعلیمی بنیادوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود ادارے کی ترقی پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وسیم قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا سفر درحقیقت جدوجہد، وژن اور ادارہ جاتی استقامت کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند برس قبل کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ ملا تو ہمیں انتظامی، تعلیمی اور مالی وسائل کے شدید چیلنجز کا سامنا تھا۔ تاہم ایک واضح حکمتِ عملی، مضبوط ٹیم ورک اور اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کے ساتھ ہم نے ان مشکلات کو مواقع میں بدل دیا۔