• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں بسنت کی واپسی،آسمان پتنگوں سے سج گیا، معیشت کو اربوں کا فائدہ

کراچی (نیوز ڈیسک) لاہور میں بسنت کی واپسی،آسمان پتنگوں سے سج گیا، معیشت کو اربوں کا فائدہ،18 برس بعد جشنِ بہار، شہرمیں رنگوں، موسیقی اور پتنگ بازی کا جنون، حکومت کے حفاظتی اقدامات،جدید نگرانی، ڈرونز اور موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز کی تنصیب کے ذریعے جشن کو محفوظ بنانے کا دعویٰ،ہوٹلوں اور سفری شعبے میں غیر معمولی تیزی ،مگر کرایوں اور پتنگوں کی قیمتوں ورسد پر تحفظات کا اظہار، بسنت بغیر کسی حادثےکے گزری تو مستقبل میں اس ثقافتی روایت کے وسیع انعقاد کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں 18 سال بعد بسنت کی واپسی نے شہر کو رنگوں، موسیقی اور پتنگ بازی کے جنون سے بھر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچا ہے۔ اندرونِ لاہور کے موچی گیٹ سمیت مختلف علاقوں میں پتنگوں اور ڈور کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جبکہ ہوٹلوں کی بکنگ تقریباً 95 فیصد تک پہنچ گئی اور سفری اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔بسنت، جو ہندو قمری کیلنڈر کے مطابق موسمِ بہار کی آمد کی علامت ہے، 2007 میں کیمیکل لگی ڈور اور حادثات کے باعث پابندی کی زد میں آ گئی تھی۔ اس بار پنجاب حکومت نے سخت ضابطہ کار، جدید نگرانی، تھرمل ڈرونز اور کیمروں کے ذریعے جشن کو محفوظ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید