• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا ریجنل کانفرنس اختتام پذیر،کراچی ڈکلریشن کی منظوری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)7 ویں سی پی اے ایشیا ریجنل کانفرنس اور دوسری مشترکہ سی پی اے ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا ریجنل کانفرنس اختتام پذیر، کراچی ڈکلریشن کی منظوری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب میں کہا کہ اختلاف کے باوجود احترام کے ساتھ مل کر کام کرنے سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ساتویں سی پی اے ایشیا ریجنل کانفرنس اور دوسری مشترکہ سی پی اے ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا ریجنل کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر کراچی ڈکلریشن کی منظوری دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پی اے ایشیا کے اہم اجلاس کی اختتامی تقریب میں شرکت ان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔سی پی اے ایشیا اور سی پی اے ساتھ ایسٹ ایشیا کے وفود کو ایک جگہ جمع کرنا آسان کام نہیں تھا، جو بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی سے ممکن ہوا۔وزیراعلی نے کہا کہ کانفرنس میں ہونے والے مباحثے سنجیدہ اور عملی تھے، جن سے بروقت اور موثر تجاویز سامنے آئیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اعتماد صرف تقاریر سے نہیں بلکہ شفافیت، جوابدہی، انصاف اور عوامی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال سے قائم ہوتا ہے، جس میں پارلیمان کا مرکزی کردار ہے۔ خواتین، نوجوانوں، اقلیتوں اور معذور افراد کی حقیقی نمائندگی مضبوط جمہوریت کی پہچان ہے۔ موجودہ معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز کے دور میں امن کا قیام قانون سازی کی اولین ترجیح ہے۔سندھ حکومت پارلیمانی جمہوریت اور علاقائی پارلیمانی تعاون کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی ڈکلریشن کو محض ایک دستاویز نہیں بلکہ عملی عہد کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔دوسری جانب سندھ اسمبلی کے لان میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے سندھ کلچرل بازار لگایا گیا، جہاں روایتی کھانے، دستکاری اور ثقافتی اشیا پیش کی گئیں۔ سندھ اسمبلی کے اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پہلی بار عالمی پارلیمانی نمائندوں کی میزبانی ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو ادارہ جاتی اعتماد، شفافیت اور کھلے پن کی عکاسی کرتی ہے۔ کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے)کے سیکریٹری جنرل اسٹیفن ٹوِگ نے کانفرنس میں شرکت کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی اور میزبان ٹیم نے شاندار انداز میں کانفرنس منعقد کر کے مثالی میزبانی کا ثبوت دیا ہے، جس پر وہ انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔آئندہ سی پی اے ایشیا ریجنل کانفرنس سری لنکا میں منعقد کی جائے گی۔ سی پی اے کا نیا اسٹریٹجک پلان اسی مہینے لندن میں لانچ کیا جائے گا، جو 2030 تک پارلیمانوں کو مضبوط بنانے کے لئے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرے گا۔ سری لنکا کے نائب اسپیکر ڈاکٹر رضوی صالح نے کانفرنس کو یادگار اور انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی اور سی پی اے سندھ برانچ نے شاندار میزبانی کر کے ایک اعلی روایت قائم کی ہے۔ آئندہ سی پی اے کانفرنس کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہوگی۔مالدیپ کے نائب اسپیکر اور ایشیا ریجن سے سی پی اے (کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن) کی بین الاقوامی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن احمد ناظم نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم سری لنکا میں ہونے والی مجوزہ کانفرنس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید