• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واشنگٹن اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشنز میں یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) پاکستان کے سفارتی مشنوں کی جانب سے نیو یارک اور واشنگٹن میں کشمیر کے بارے میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، ترکیہ، آذر بائیجان اور او آئی سی کے سفارتی نمائندوں نے اقوام متحدہ میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی ، واشنگٹن میں ویب نار منعقد ہوا۔ پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ اور پاکستان قونصلیٹ نیو یارک کے اشتراک سے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں کمرہ حاصل کرکے یہ اجتماع منعقد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے منتخب افراد کو مدعو کرکے ان کے داخلہ کا انتظام کیا گیا۔ اس اجتماع کی خصوصیت یہ تھی کہ مقررین میں اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر کے علاوہ ترکیہ، آذر بائیجان، او آئی سی کے سفارتی نمائندوں کی شرکت اور مختصر ریمارکس کے علاوہ فلسطینی صحافی اور کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بھی غزہ اور کشمیر اور کشمیر کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حالت زار اور قابض ممالک کے مظالم کا موثر طور پر ذکر کیا۔ ترکیہ، آذر بائیجان اور او آئی سی کے نمائندے نے بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصادم کے تسلسل اور مقبوضہ علاقوں میں سماجی ترقی نہیں ہوسکتی، بنیادی حقوق، سیاسی آزادیوں پر پابندیوں اور سماجی و معاشی محرومیوں کے تسلسل نے بھارت کے ناجائز تسلط کے باعث مقبوضہ کشمیر میں سماجی ترقی منجمد ہوکر رہ گئی ہے اور عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خوداختیاری دلائے۔ فلسطینی صحافی نے کشمیر اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کے عوام پر مظالم کو سنگ دلانہ حقائق میں یکسانیت بیان کرتے ہوئے موثر طور پر تقریر کی جبکہ کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے کشمیری خواتین پر مظالم اور کشمیری نوجوانوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات بیان کیے۔ پاکستانی قونل جنرل نے مقررین اور اجتماع میں شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ نے بھی ایک ویب نار کے ذریعہ سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد، سینیٹر شاہد حسین، سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سدھن اور دیگر شخصیات کے تاثرات اور یوم یکجہتی کشمیر کے بارے میں موقف سے آگاہ کیا، البتہ واشنگٹن سے کسی امریکی رکن کانگریس یا سینیٹر یا امریکہ میں پاکستانی کاکس کے کسی رکن کو مدعو نہیں کیا جاسکا۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان شیخ نے بھی اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔ نیو یارک اور واشنگٹن کے پاکستانی سفارتی مشنوں میں متعین پریس قونصلرز نے اپنی مروجہ پالیسی کے تحت ان اجتماعات کی سرکاری تفصیلات پر مبنی پریس ریلیز بھی جاری کیے۔  
اہم خبریں سے مزید