• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک 25 مارچ تک بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کرائے، ایس ای سی پی

  اسلام آباد( اسرار خان ) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کے-الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25مارچ 2026 کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کرائے، کیونکہ بورڈ میں تبدیلی پر پابندی لگانے والا عدالتی حکم گزشتہ ماہ ختم ہو چکا ہے۔ایس ای سی پی نے کمپنی ایکٹ 2017 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کے-الیکٹرک کو غیرمعمولی جنرل اجلاس بلانے کا حکم دیا ہے، جس میں قانونی طریقہ کار کے مطابق نئے ڈائریکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔کے-الیکٹرک نے آخری بار جولائی 2022 میں بورڈ انتخابات کرائے تھے، جبکہ 2025 میں سندھ ہائی کورٹ کے عبوری حکم کے باعث یہ عمل مؤخر کر دیا گیا تھا۔ تاہم جنوری 2026 میں کیس واپس لیے جانے کے بعد یہ پابندی ختم ہو گئی۔کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اور کمپنی کو فوری طور پر انتخابی عمل شروع کرکے 10 فروری تک اس کی تصدیق جمع کرانا ہوگی۔ اس فیصلے کو اقلیتی شیئر ہولڈرز کے تحفظ اور کارپوریٹ گورننس کی بہتری کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید