کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور کے رشتے داروں تک پہنچ گئے، دہشت گردی کے حوالے سے وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کا رابطہ ہے،بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی کوشش کررہا ہے۔جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان محمد جنید سے نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارت اب افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی کوشش کر رہا ہے۔ خود کش حملے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ دہشت گردی کے لئے ایسا موقع چنا گیا جب دو ممالک کے ساتھ ہم نے معاہدہ کئے اور پھر ان دنوں بسنت کا تہوار بھی کئی سالوں بعد جوش و خروش سے منایا جارہا ہے اس کو بھی سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ پاکستان کے خلاف جنگ میں بہت سے افغان شہری بھی شامل ہیں جو مارے گئے ہیں۔ حملہ آور کو مسجد کے باہر روکا گیا ورنہ اس سے بھی بہت زیادہ شہادتیں ہوتیں۔ دہشت گردی کے حوالے سے وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کا رابطہ ہے۔ ہم خود کش حملہ آور کے رشتے داروں تک پہنچ گئے ہیں۔ بظاہر اب خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اونر شپ لے رہی ہے۔ ہم اپنے دشمنوں کی پراکیسز کو بھی اب شکست دیں گے۔ افغانستان کے ساتھ بات چیت کا راستہ ہم نے بند نہیں کیا تھا البتہ ان سے بات چیت کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔ پاکستان کے وفاقی دارلحکومت کو نشانہ بنانا ایک علامت ہے منظم طریقے سے اسلام آباد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کارروائیوں میں افغانستان سے لوگوں کی بڑی تعداد شامل ہے اور پاکستانی شہری بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔ دہشت گردی کی لہر آئی ہوئی ہے جس کا سامنا کیا جارہا ہے اور پاکستان جب متحد ہو کر اس لہر سے لڑے گا تو ہم کامیاب ہوں گے۔