کراچی ( محمد منصف ) پی ٹی آئی کے 35 ورکرز کی نظر بندی،سندھ کابینہ سے حکمنامہ طلب ، جسٹس عدنان اقبال چوہدری کا نقص امن کے لئے بنایا گیا جواز کا مواد بھی پیش کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے نقص امن کے پیش نظر پی ٹی آئی کے 35 ورکرز کو جیل میں نظر بند کرنے پر صوبائی کابینہ میں کا حکم نامہ طلب کر لیا، نقص امن کے لئے بنایا گیا جواز کا مواد بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی ٹی آئی کے زیر حراست تمام ورکرز سے ان کے فیملی ممبر کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ کے روبرو پی ٹی آئی کے 35 ورکرز کے اہلخانہ کی جانب سے علیحدہ علیحدہ آئینی درخواستوں کی سماعت ہوئی ورثاء نے فاضل جج کے سامنے کہا کہ ان کے پیاروں کو بغیر کسی قانون کی خلاف ورزی پر گھروں سے اٹھا کر لے گئے اور بعد میں میڈیا کے ذریعے معلومات ملی کہ حکومت سندھ نے ایم پی او کے تحت جیل میں ڈال دیا ہے ، بعض درخواست گزار خواتین نے بتایا کہ ان کے پیارے اپنے اہلخانہ کے واحد کفیل ہیں اور بلا جواز نظر بندی سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ملاقات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ لہذا انصاف فراہم کیا جائے۔