کراچی( سید محمد عسکری) قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کو چیئرمین ہائر ایجوکیشن مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ان کی تقرری دو برس کے لیے کی گئی ہے۔ روزنامہ جنگ اور دی نیوز دو روز قبل ڈاکٹر نیاز کو چیرمین مقرر کرنے کی خبر تین روز قبل بریک کرچکے تھے تاہم نوٹیفکیشن جمعہ کو جاری ہوا۔ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول کی سربراہی میں قائم تلاش کمیٹی نے میرٹ پر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر محمد علی شاہ اور ڈاکٹر نیاز احمد کے نام ڈیڑھ ماہ قبل وزیر اعظم کو بھیجے تھے۔تاہم وزیر اعظم نے قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کے نام کی بطور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن منظوری دی تھی۔ اس طرح 7 ماہ بعدچیئرمین کی تقرری کا عمل مکمل ہوا اور کمیشن سے ایڈہاک ازم کا خاتمہ ہوا۔ ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد 1962ء میں ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستانی تعلیمی میدان کے ایک ممتاز رہنما اور محقق ہیں، جو 2018ء میں پنجاب یونیورسٹی کے پہلے مستقل وائس چانسلر مقرر ہوئے۔انھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے کیمیکل انجنیئرنگ میں بی۔ایس۔سی اور یونیورسٹی آف لیڈز سے ماحولیاتی مینجمنٹ میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔ ان کی قیادت میں یونیورسٹی نے مالیاتی اصلاحات، تحقیقاتی و تدریسی مراکز کے قیام، ملازمین کی ترقی اور بین الاقوامی ساکھ میں بہتری جیسے اقدامات کیے۔ انھوں نے تحقیق کو فروغ دیا، خصوصی بچوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کی اور حکومت کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازے گئے۔ 2023ء میں انھیں قائد اعظم یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا، جہاں انھوں نے تعلیمی معیار اور انتظامی اصلاحات کو آگے بڑھایا۔