• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ کا افغان باشندوں کو طالبان کے زیرکنٹرول افغانستان واپس بھیجنے پر غور

برسلز (اے ایف پی) یورپ کا افغان باشندوں کو طالبان کے زیرکنٹرول افغانستان واپس بھیجنے پر غور، اقدام سے عملی چیلنجز پیدا ہونے لگے؛ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کی جانب سے تحفظات کا اظہار ۔ تفصیلات کے مطابق یورپی یونین ان افغان باشندوں کو واپس ان کے ملک ڈی پورٹ کرنے کے منصوبوں پر آگے بڑھ رہی ہے جنہیں بلاک میں رہنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ اس اقدام سے عملی چیلنجز پیدا ہو رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ممبر ممالک کی جانب سے غیر قانونی ہجرت کے خلاف سخت کارروائی کے دباؤ کے بعد، برسلز نے واپسی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے کابل میں طالبان حکومت کے ساتھ رابطے شروع کر دیے ہیں۔ یورپی کمیشن کے ترجمان مارکس لیمرٹ نے رواں ہفتے بتایا کہ یورپی حکام نے اس ملک کے دو ’’تکنیکی مشنز‘‘ کیے ہیں،جن میں سے تازہ ترین جنوری میں ہوا،تاکہ واپس لینے کے عمل پر کام کی ساخت اور واپسی کے آپریشنز کی ممکنہ تنظیم کا جائزہ لیا جا سکے۔ کچھ سال پہلے تک واپسی کا یہ تصور بھی محال ہوتا اور یہ عمل قانونی و اخلاقی خدشات سے بھرا ہوا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے اس ہفتے خبردار کیا کہ طالبان حکام نے گزشتہ سال اپنے جبر میں اضافہ کیا، اور اس کی مثال میڈیا کی آزادی محدود کرنے والے نئے قوانین اور خواتین و لڑکیوں پر عائد پابندیاں بتائیں۔ تاہم واپسی کا معاملہ اب یورپی یونین کے 27 میں سے اکثریتی ممالک کی جانب سے زور و شور سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید