پشاور (خصوصی نامہ نگار) واپڈا کے زبیر بٹ اور خیبر پختونخوا کے جہانگیر خان نےمسٹر پاکستان اور جونیئر مسٹر پاکستان کے ٹائٹل جیت لئے جس کے ساتھ 73ویں قومی مسٹر پاکستان و جونیئر مسٹر پاکستان، مسٹر کلاسک ، مردز فزیک اور ماسٹرز چوتھی فٹنس چیلنج پاکستان چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ مشیر کھیل خیبر پختونخوا تاج محمد ترند اورصوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ،ایم این اے آصف خان اور صدر پشاور ڈسٹرکٹ عرفان سلیم ِ،چیف آرگنائزنگ سیکرٹری صدر خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس ایسوسی ایشن ، سینئر نائب صدر خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن ہدایت اﷲ خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔مشیر کھیل نے خیبر پختو نخواکیلئے ٹائٹل جیتنے والے تن سازکو نوکری دینے کا اعلان کیا۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیراہتمام مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے 124پوائنٹس کیساتھ پہلی،خیبر پختونخوا نے 54پوائنٹس کیساتھ دوسری،پاکستان آرمی نے 20پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔فٹنس چیلنج ٹرافی آرمی نے جیتی، پولیس دوسرے اور پنجاب تیسرے نمبر رہا۔سینئر مرد ز فزیک مقابلے واپڈا کے محمد حمزہ راجہ اور جونیئر فزیک مقابلے خیبر پختونخوا کے عثمان خان نے جیت لئے۔ ماسٹرز پاکستان کا اعزاز واپڈا کے عبدالمنان نے حاصل کیا جبکہ کلاسک باڈی بلڈنگ میں واپڈا کے آفتاب خان پہلے نمبر پر رہے۔ مقابلوں میں چیف جج کے فرائض صدر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن طارق پرویز نے سرانجام دئیے۔ خالد علی،ارشد محمود مغل،شیراز محمد ،عبدالعلی،یاسر شاہ اور افتخار خان نے ججزکے فرائض انجام دیئے۔