کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان شیعہ کانفرنس کے زیر اہتمام سانحہ ترلائی اسلام آباد کے خلاف ہفتہ کو شہداء چو ک علمدار روڈپر احتجاجی دھرنا دیا گیا جس میں خواتین بھی شریک ہوئیں ۔ اس موقع پر علامہ ہاشم موسوی ، علامہ جمعہ اسدی ، علامہ ولایت حسین جعفری ، علام علی حسنین اور دیگر نے پریس کانفرنس میں اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن ایسے واقعات کا رونما ہونا حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،امام بارگاہ گاہوں اور مساجد کی سیکورٹی حکومتی کی ترجیحات میں شامل نہیں ، کوئٹہ میں امام بارگاہوں کی سیکورٹی واپس لی گئی ہے بارہا کی درخواستوں کے باوجود سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بیس سالہ قتل عام میں ملوث ایک بھی قاتل کو تختہ دار تک نہیں پہنچایا گیا ہے ، ہم شہادتوں سے گھبرانے والے نہیں ، اپنے مقاصد کی طرف گامزن رہیں گے ، ہم اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے پرامن احتجاج کررہے ہیں ، مرکزی قائدین کے کال کے منتظر ہیں جب بھی قیادت نے ہدایت کی ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ خودکش حملے میں ملوث ملزمان کو عدالت کے کٹہرے میں لایا اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔