• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال میں 84 قطر کی لائن کی مرمت کا شیڈول جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر کارپوریشن کی گلشن اقبال میں 84 قطر کی لائن کی مرمت کا شیڈول جاری ،چار دن تک پانی بند رہنے سےکراچی کو روزانہ 20کروڑ گیلن اور مجموعی طور پر 80 کروڑ گیلن پانی سپلائی نہیں ہو سکے گا دو ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق گلشنِ اقبال بلاک 19 میں واقع فیز ون کی مرکزی 84 انچ قطر کی پانی کی لائن میں رساؤ کی نشاندہی ہوئی تھی، جس کے بعد لائن کی مرمت اور بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ لائن میں موجود تمام لیکیجز کو ختم کرنے کے لیے پیر کے روز دوپہر 12 بجے مرمتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا پانی کی لائن کی مرمت کا مجموعی دورانیہ 96 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کی تکمیل کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار عارضی طور پر کم کی جائے گی، جس کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 200 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم حب، گھارو سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنز سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بلا تعطل جاری رہے گی مرمتی کام کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن، جناح، چنیسر، صدر، لیاری اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر رہنے کا امکان ہے اس کے علاوہ مرمت کے دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مرمتی کام کے دوران پانی کا باکفایت اور ذمہ دارانہ استعمال کریں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید