کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ کراچی میں گیس کی نایابی نے سنگین انسانی المیے کی صورت اختیار کر لی ہے ،شہر کے طول و عرض میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث گھریلو زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، اگر گیس کی سپلائی فوری طور پر بحال نہ کی گئی اور غیر اعلانیہ بندش کا خاتمہ نہ ہوا تو عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا ، کراچی کا شہری اس وقت دہری اذیت کا شکار ہے ایک طرف ماہانہ بنیادوں پر ہزاروں روپے کے بل اور فکسڈ چارجز جبری طور پر وصول کیئے جا رہے ہیں تو دوسری طرف بنیادی ضرورت کی فراہمی صفر ہو چکی ہے۔