کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مر کزی سیکر ٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں مسجد خدیجہ الکبری میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کا یہ واقعہ اداروں اور انتظامیہ کی کارکر دگی پر سنگین سوالیہ نشان، انسانیت،مذہبی اقدار اور قومی سلامتی پر براہ راست حملہ ہے، بیرونی شازش کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو منظم انداز میں پروان چڑھا جارہا ہے، دہشت گرد عناصر ایک بار پھر اپنے منظم ہونے کا احساس دلا رہے ہیں لیکن ہم نے اس ملک میں قائد ملت جعفر یہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں قوم کے اتحاد اور بیداری سے ملک دشمن عناصر کی تمام شازشوں کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی بنائیں گے لیکن حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ اس واقعے میں شہد ا کے لوا حقین اور زخمی ہونے والے تمام افراد کو حکومتی سطح پر مالی معاوضہ دے اور زخمی ہونے والے تمام نمازیوں کا مفت علاج کرائے۔