• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں شٹر بند، پہیہ جام ہڑتال

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) تحریک تحفظ آئین پاکستان‘ سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور سندھ ہاری کمیٹی کی اپیل پر حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں شٹر بند اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی‘ ہڑتال کے باعث حیدرآباد میں قاسم آباد‘ نسیم نگر‘ ماروی ٹاؤن‘ بھٹائی نگر‘ بھٹائی ٹاؤن‘ حیدرآباد ٹاؤن‘ علمدار چوک‘ قاسم آباد مین روڈ‘ وحدت کالونی‘ حسین آباد‘ ایگریکلچر کمپلیکس‘ گل سینٹر‘ بدین اسٹاپ‘ باچا خان چوک‘ ہالا ناکہ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ اسی طرح تحصیل سٹی اور لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں بھی ہڑتال رہی اور تمام دکانیں بند رہیں‘ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم رہی۔ ہڑتال کے باعث حیدرآباد سے میرپورخاص‘ عمرکوٹ‘ مٹھی‘ ڈیپلو‘ سانگھڑ‘ ہالا‘ سکرنڈ‘ سکھر‘ نواب شاہ اور کراچی آنے جانے والی مسافر گاڑیاں بند رہیں تاہم چند ایک گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں۔ حیدرآباد شہر‘ لطیف آباد‘ قاسم آباد سمیت پورے ضلع میں پولیس کے دستے مختلف راستوں پر گشت کرتے رہے جبکہ حیدرآباد پولیس نے بعض علاقوں سے سیاسی کارکنوں کو حراست میں بھی لیا۔ پولیس کے مطابق امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔

ملک بھر سے سے مزید