کراچی (استاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی،پانی کا بحران،بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ،تعلیم وصحت،ٹرانسپورٹ اور سیوریج کے مسائل عوام کا مقدر نہیں حکمرانوں کا مسلط کردہ عذاب ہے،سندھ حکومت اور قابض میئر کی نااہلی،بدانتظامی اور ناقص کارکردگی کے باعث پیدا شدہ مسائل سے کراچی کا ہر شہری متاثر ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ظالم اور عوام دشمن حکمرانوں کا راستہ روکا جائے، بجٹ میں عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا، پیٹرول کی قیمت کم نہ کی گئی اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاجی تحریک کا آغاز، پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرینگے، بلدیاتی الیکشن میں اورنگی ٹاؤن سمیت پورے شہر میں عوامی مینڈیٹ کو چھیناگیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کواورنگی ٹاؤن اور میٹروول کے دورے کے دوران مومن آباد چوک اور دعا چوک ساڑھے گیارہ نمبر میں جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر شپ ڈرائیوکے سلسلے میں لگائے گئے کیمپوں پر شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔