سیہون شریف (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آئندہ مزید بہتر انتظامات کرنا ہوں گے، سخت سکیورٹی کے باعث زائرین کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ایک بار پھر انہیں عرس کے اختتامی روز شرکت اور درگاہ یہ بات انہوں نے قلندر لعل شہباز کے سہ روزہ عرس مبارک کے اختتامی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کی ۔مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے کے باعث سیکیورٹی خدشات موجود تھے، جس کے پیش نظر عرس کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سخت سکیورٹی کے باعث زائرین کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہوگا تاہم عوام کے تحفظ کے لئے یہ اقدامات ضروری تھے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ تین روزہ عرس کے دوران تقریباً 30 لاکھ زائرین سیہون شریف آئے اور انتظامیہ ہر سال میلے کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے اپنی خامیوں سے سیکھتی ہے۔سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہیں کہیں احتجاج نظر نہیں آیا اور عوام نے عمران خان کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ماورائے عدالت قتل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس اور عدالتی تحقیقات کا عمل جاری ہے اور اگر کوئی اہلکار یا فرد ملوث پایا گیا تو اسے سزا دی جائے گی۔