پشاور (خصوصی نامہ نگار)19ویں بین الاقوامی طبی تحقیق کانفرنس 2026شروع ، افتتاحی تقریب میں ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین اور طلبہ نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنِ مجید تحقیق اور جستجو پر زور دیتا ہے۔ انہوں طبی ماہرین کو اپنی ذمہ داریوں کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور تعلیم کو مادی فوائد کے بجائے انسانیت کی خدمت اور معاشرے کی بہتری کیلئے استعمال کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی زبان اردو کے فروغ سے سائنسی اور سماجی فاصلے کم کئے جا سکتے ہیں۔ کانفرنس سے آن لائن خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر انور حسین، پریٹوریا یونیورسٹی، جنوبی افریقہ نے کم ’’وسائل والے ممالک میں مؤثر طبی تحقیق‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ یونیورسٹی آف کوازولو نیٹل،ڈربن کی ڈاکٹر یوگنڈری رمسامی نے جنوبی افریقہ میں امراض کے روک تھام کی تجربات کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر ہالا رجب ،ڈائریکٹر یو ایم آر نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ظہور احمد سواتی نےمہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ کانفرنس میں مختلف علمی سرگرمیاں، مقابلے، ورکشاپس اور تحقیقی نشستیں منعقد ہوں گی۔ کانفرنس ملک میں تحقیقی ماحول کے فروغ کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی روابط کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔