پشاور ( لیڈی رپورٹر)صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ ، خیبر پختونخوا کے352واں اور 353واں اجلاس سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوئے۔اجلاس کے دوران پشاور، کوہاٹ، مردان، بٹگرام، صوابی، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور نوشہرہ سمیت مختلف اضلاع سے موصول ہونے والے کل 123کیسز کا تفصیلی جائزہ لے کر ان پر فیصلے کیے گئے۔ ڈرگ انسپکٹرز نے متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اپنے کیسز بورڈ کے سامنے پیش کیے۔بورڈ نے جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف 17 ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ 60کیسز کو عدالتی کارروائی کیلئے ڈرگ کورٹ کو بھیج دیا گیا۔ مزید برآں، 26ادویات کے نمونے ڈرگ ایکٹ 1976کی دفعہ 22(5) کے تحت دوبارہ تجزیہ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد روانہ کیے گئے۔ 17کیسز میں وارننگ جاری کی گئی جبکہ ایک کیس کو دوبارہ انسپکشن کے لیے واپس بھیج دیا گیا۔اجلاس میں منصور ارشد (وائس چیئرمین )، ڈاکٹر عباس خان (ڈی جی ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز)، محمدابراہیم (سیکرٹری بورڈ)، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فارمیسی، پروفیسر آف فارماکولوجی کےایم سی ، حکیم عبدالوحید, ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس اور سیکرٹری فارمیسی کونسل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔