پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے ہشت نگری میں گھر کے اندر کوکردھماکے سے 16 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا،یونیورسٹی ٹاون میں فلیٹ کے اندر آگ بھڑک اٹھی جس سے رہائشیوں میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ کوہاٹ اڈہ میں نہر میں بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ واقعات کے مطابق گزشتہ روز ہشت نگری میں ایک گھر کے اندر کھانا پکانے کے دوران کوکرزوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 16سالہ نویدشدید زخمی ہوگیا ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو1122کی ٹیم نے پہنچ کر بچے کو ابتدائی طبی امداد کے بعدبرن سینٹر حیات آباد منتقل کر دیا۔اسی طرح یونیورسٹی ٹاو¿ن کے علاقے پشاور ہائٹس کے ایک فلیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس سے خوف وہراس پھیل گیااور رہائشی فلیٹس سے باہر نکل آئے۔آگ کے باعث گھر میں پڑا قیمتی سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ ریسکیوکی فائر وہیکل ،ایمبولنس فوری طور پر جائے حادثہ پہنچے اور فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ طریقے سے 20منٹ کے اندرآگ پر مکمل قابو پا لیا۔ادھر کوہاٹ اڈہ باڑہ پل نیب خان گھڑی کے علاقے میں بچے کے ڈوبنے کی اطلاع ملی۔ ریسکیو کے مطابق غوطہ خور ٹیم نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے نہر سے بچے کی جسد خاکی نکال لی جس کی شناخت ابوبکر ولد مرادبعمر 8سال سے ہوئی ہے۔ بچے کی جسد خاکی کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔