کوئٹہ(خ ن) حکومتِ بلوچستان کی جانب سے صوبے میں سرکاری امور کو ڈیجیٹل بنانے اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے مطابق تمام سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیاہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر (BFC) سافٹ ویئر کے آپریشن سے متعلق ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔تربیتی سیشن کا مقصد شرکاء کو بی ایف سی سافٹ ویئر کے عملی استعمال، طریقہ کار اور افادیت سے آگاہ کرنا تھا تاکہ حکومتی امور میں شفافیت، تیزی اور بہتری لائی جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرکاری نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر بلوچستان میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ،کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت تما م سہولیات کی فراہمی کیلئے قائم کیا گیا ہے اور اس سافٹ وئیر کی مدد سے تمام محکمانہ رکاوٹوں کا خاتمہ ہوگا اور تمام سہولیات و سروسز ایک ہی ڈیجیٹل سرفیس پر دستیاب ہوں گی۔