کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات میں کئی بار تعطل آیا لیکن امارات بورڈ کے بھارت سے تعلق رکھنے والے مبشر عثمانی نے پی سی بی اور محسن نقوی سے اپنے تعلقات استعمال کرکے ڈیڈ لاک کو ختم کراتے ہوئے معاملات کو آگے بڑھایا۔ نائب چیئرمین عمران خواجہ کے ساتھ مبشر عثمانی نے آئی سی سی کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی سی سی چیئر آف ایسوسی ایٹس مبشر عثمانی حالیہ موڑ میں گیم چینجر کے طور پر ابھرے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ،آئی سی سی ،پاکستان ، بنگلہ دیش اور بھارتی کرکٹ بورڈ اتفاق رائے تک پہنچیں ۔ جیسے ہی آئی سی سی نے تعطل کے حل کی تلاش میں مذاکرات شروع کیے، مبشر اس عمل میں آخر تک اہم شخصیت رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذاکرات میں شام تک تعطل پیدا ہو گیا تھا۔ البتہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا اعلان کرکے آئی سی سی کو بڑے مالی نقصان سے بچا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے۔ نقصان کا تخمینہ براڈ کاسٹرز گیٹ منی اور دیگر اسپانسر شپ کی مد میں لگایا گیا ہے۔ ادھر پاکستان کے اعلان کے بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹ میں ابتدائی طور پر 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوگیا ، کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل شائقین ہوٹل بکنگ منسوخ کرنے اور پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے تھے۔