کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں منگل کو آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3- 2 سے شکست دی۔منگل کو دیگر میچوں میں انگلینڈ نے چین، اسپین نے جرمنی، ارجنٹائن نے آئر لینڈ کو زیر کیا ۔ قومی کھلاڑیوں نے غیر معمولی کار کردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم متنازع پنالٹی اسٹروک پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستانی کھلاڑیوں نے امپائر کے فیصلے پر اعتراض بھی کیا، پاکستان کے دو ریفرل ختم ہونے کے بعد امپائر نے ریویو نہیں لیا۔ ہوبارٹ میں آسٹریلیا کو پہلے کوارٹر کے دوسرے منٹ میں برینڈ نے برتری دلائی۔ دوسرا گول 29ویں منٹ میں ٹم برینڈ نے ہی کیا۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے49 اور سیفان خان نے53ویں منٹ میں گول کردیے۔ آخری لمحوں میں آسٹریلیا کو پنالٹی اسٹروک دیا گیا جس پر گور بلیک نے گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔