کراچی (عبدالماجد بھٹی) پی ایس ایل کی ٹیم ملتان کو ولی ٹیک نے ریکارڈ دو ارب 45 کروڑ روپے میں 10 سال کیلئے خریدلیا۔ اس طرح یہ پی ایس ایل کی سب سے مہنگی فرنچائز بن گئی ہے۔نئے مالکان نے ٹیم کا نام راولپنڈی رکھنےکا اعلان کردیا۔ پیر کی شب نیلامی کی تقریب لاہور ایکسپو سینٹرمیں ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ظہیر عباس، لاہور قلندرز کے مالکان ثمین رانا اور عاطف رانا اور دیگر بھی شریک ہوئے۔ نیلامی میں پانچ بڈرز شامل تھے۔ بیس پرائس 182 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ چیئرمین محسن نقوی نے ولی ٹیکنالوجی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ محنت تھی جو چند ماہ سے چل رہی تھی ۔ مجھے پرائم منسٹر کا فون آ رہا تھا ۔ وہ خوش تھے کہ ہم کامیابی کی طرف جا رہے ہیں۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ ٹیم کی قیمت ایک ارب بھی نہیں جائے گی، وہ دیکھ سکتے ہیں جب محنت ہوتی ہے تو اسکا رزلٹ اچھا نکلتا ہے، جو نجم سیٹھی نے خواب دیکھا تھا، اس کی قیمت بڑھی ہے۔ اسے دنیا کا بڑا ایونٹ بنانا ہے ۔ واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملتان کے نئے اونر کو چابی سونپ دی۔ اونر ولی ٹیک نے کہا کہ راولپنڈی کی گلیوں میں بڑے ہوئے ہیں اس لیے ملتان کا نام تبدیل کیا ہے۔