کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کو 32رنز سے ہرا کر دو سال پہلے اسی ٹورنامنٹ میں اپنی شکست کا بدلہ لے لیا۔ اسپنرز کے خلاف امریکی بیٹر جارحانہ کھیلنے کے باوجود ہدف حاصل نہ کرسکے۔ پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرکے گروپ میں ٹاپ کرلیا۔ پاکستان کا سب سے بڑا میچ اتوار کو پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں بھارت کے خلاف ہوگا۔ منگل کو سنہالیز اسپورٹس کلب میں امریکا نے 190 رنز کے جواب میں 8 وکٹ پر158رنز بنائے۔ اسپنر عثمان طارق نے27 رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ شبھم رنجا نے30 گیندوں پر58 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے ایک وکٹ لینے کیلئے 42 رنز دیے۔ محمد نواز اور ابرار احمد کو ایک ، ایک وکٹ ملی۔ امریکا نے پاور پلے کے چھ اوورز میں ایک وکٹ پر پچاس جبکہ دس اوورز میں دو وکٹ پر68 رنز بنائے۔ شایان جہانگیر نے34 گیندوں پر 49 رنز دو چھکے اور پانچ چوکے لگاکر اسکور کیے ۔ کپتان موناک پٹیل تین رنز بناسکے۔ شاداب خان نے چار اوورز میں 26رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ عثمان طارق کے پہلے اوور میں خواجہ نافع نے کیچ ڈراپ کیا، وہ ملند کمار کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ملند نے22گیندوں پر29 رنز بنائے۔ امریکا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 9 وکٹ پر190 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے 54رنز کا تیز رفتار آغاز فراہم کیا۔ صائم 17گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے19 جبکہ صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر پانچ چھکے اور چھ چوکوں سے سجے73رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ اس دوران فرحان نے اپنی 41 ویں اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔ بابر اعظم نے32 گیندوں پر46 رنز ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے ، صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم میں 81رنز کی شراکت بنی۔ شاداب خان نے 12 گیندوں پر30 رنز ایک چھکا اور چار چوکے لگاکر اسکور کیے۔ کپتان سلمان علی آغا ایک محمد نواز 5، پانچ فہیم اشرف نے ایک رن بنایا۔ عثمان خان مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آئوٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی ایک چھکے کی مدد سے9 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ شیڈلے وان نے25 رنز دے کر چار شکار کئے۔ احسان عادل نے تین اوورز میں39رنز دیے۔ پاکستان نے ٹیم میں فاسٹ بولر سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو شامل کیا۔ امریکا کو ان فٹ علی خان کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔