راولپنڈی( خبر نگار خصوصی) واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی واسا راولپنڈی نے عوامی سہولت اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) متعارف کرا دیا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی سلیم اشرف کی زیر صدارت انجینئرنگ اور ریونیو ونگ کے افسران کے ساتھ گزشتہ روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے فیچرز اور مؤثر نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) موبائل ایپ کا مقصد عوامی شکایات کا فوری حل کرنا، شکایات کی مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانا اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانا ہے۔ایپ میں آسان اور صارف دوست سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں شکایت کا اندراج، فیڈ بیک دینا اور شفاف فالو اپ سسٹم شامل ہے۔ اس حوالے منیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیم اشرف نے مزید کہا کہ واسا راولپنڈی میں ایک خصوصی ڈیش بورڈ سسٹم بھی قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے شکایات کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی اور ادارے کی کارکردگی اور جوابدہی میں مزید بہتری آئے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیم اشرف نے افسران کو ہدایت کی کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی شکایات کا ازالہ بروقت اور مؤثر انداز میں یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ سہیل اسلم، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عمر فاروق، ڈائریکٹر ایس اینڈ ڈی سعدون بصریٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو اکمل یاسین، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی حسنین مبشر جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔