اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے میڈیکل اور ڈینٹل داخلوں کے معیار میں نظرِ ثانی کی تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ یہ تجویز نہ صرف میرٹ کے اصولوں سے متصادم ہے بلکہ طبی تعلیم کے موجودہ شفاف اور متفقہ نظام کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کا نصاب اور امتحان پورے ملک میں یکساں تھا اور مجموعی طور پر اس کے امتحانی عمل پر کوئی سنجیدہ اعتراض سامنے نہیں آیا، نہ ہی امتحان کے دوران بدعنوانی یا کرپشن کا واقعہ ہوا۔ یہ نظام تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے قابلِ قبول رہا ہے، اس لیے طے شدہ ضابطوں کے تحت ہی طلبہ کو داخلے دیے جانے چاہئیں۔ اگر اس مرحلے پر میرٹ کے معیار میں کمی کی گئی تو ایم ڈی کیٹ کا پورا نظام اپنی افادیت کھو دے گا۔