• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر زراعت توسیع کی زیر صدارت زرعی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری کی زیر صدارت زرعی منصوبوں اور جاری سرگرمیوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بہاولپور ڈویژن کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں گندم کی موجودہ صورتحال، کسان کارڈ کی وصولی، کھادوں کے خلاف اینٹی ایڈلٹریشن مہم، زرعی مشینری کی فراہمی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام “اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم” کے تحت زمین کی نشاندہی اور کاشتکاروں کے انتخاب کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری نے ہدایت کی کہ اس اسکیم کو مقررہ اہداف کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق کاشتکاروں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ اسی طرح کاٹن ویلی منصوبے کے تحت کپاس کی کاشت، پیداواری اہداف، زرعی ان پٹس کی فراہمی اور فیلڈ سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے، اس لیے فیلڈ اسٹاف کسانوں کو جدید سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ اجلاس میں گرین ٹریکٹرز کی بکنگ و ڈیلیوری، ویٹ ییلڈ کمپیٹیشن 2026، زرعی انٹرنز کی حاضری و سرگرمیوں، ترقیاتی بجٹ کے استعمال بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپور ڈویژن نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی زرعی پالیسیوں اور منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی ممکن ہو سکے۔
ملتان سے مزید