پشاور (جنگ نیوز، نیوز ایجنسیاں) خیبر پختونخوا میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم ونسق کو ماڈل کے طور پر نافذ کرنے اوررواں سال پشاور میں پی ایس ایل کے میچز بھی کرائے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان موثر رابطوں کے ذریعے دہشتگردی جیسے اہم مسئلے سے نمٹنے کے لئے اہم پالیسی امور پر مکمل ہم آہنگی اور یکساں موقف کو یقینی بنایا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئےاعلی سطحی اجلاس کور ہیڈکوارٹر پشاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر دا خلہ محسن نقوی، وزیر اعلی خیبر پختونخواسہیل آفریدی، قومی سلامتی کے مشیر اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کے علاوہ اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور میں رواں سال ہونے والے پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم و نسق کو فوری طور پر صوبائی پولیس اور دیگر صوبائی اداروں کے زیر نگرانی ماڈل کے طور پر نافذ کیا جائے گا، بعد ازاں اس کامیاب ماڈل کو خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع بالخصوص خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ان اضلاع میں شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئےوزیر اعلی کی سربراہی میں ایک خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرے گی۔