اسلام آباد(طاہر خلیل)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان یہ شراکت داری اعتماد، تسلسل اور باہمی احترام پر مبنی ہے جو کئی دہائیوں پر محیط سفارتی تعلقات کے دوران بتدریج فروغ پاتی رہی ہے، پاکستان کی ترقی میں جاپان کے دیرینہ کردار کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیاسی رہنماؤں، پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں، پارلیمنٹرینز، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ جاپان نے مشکل اوقات میں پاکستان کا ساتھ دیا ، جب موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات نے ہمارے عوام کو متاثر کیا تو جاپان نے ہمدردی اور عملی معاونت فراہم کی۔