کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے صارم برنی کی جانب سے غیر قانونی قبضہ کی گئی عمارت کو واگزار کروا لیا۔ایف آئی اے انسداد رشوت ستانی سرکل کراچی نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن کے ذریعے ایم اے جناح روڈ پر واقع ایک قیمتی کمرشل جائیداد کامیابی کے ساتھ واگزار کروا لیا۔ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی سپریم کورٹ آف پاکستان کی متروکہ وقف املاک بورڈ سو موٹو کیس اور ون مین کمیشن میں جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔واگزار کرائی گئی جائیداد کا کنٹرول مناسب قانونی کارروائی کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واگزار شدہ جائیداد کی تخمینی مالیت تقریباً ایک ارب روپے ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ عمارت پر صارم برنی کی جانب سے غیر قانونی قبضہ تھا اور وہ اسی جگہ سے صارم برنی ٹرسٹ چلا رہے تھے۔ صارم برنی پر کم عمر بچوں کی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے اور وہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی جانب سے درج کیے گئے کیس میں اس وقت جیل میں ہیں۔